کاروار،3؍نومبر(ایس او نیوز) کل دیر رات کو کاروار لندن برڈج کے قریب پیش آئے حادثے میں دو افراد موقع پر ہی فوت ہوگئے جبکہ دو زخمیوں کو علاج کے لئے کاروار ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق گوا کی طرف جارہی ایک موٹر کار لندن برڈج کے پاس بے قابو ہوگئی اور پانی سے بھرے ہوئےنالے میں گرگئی۔کار پانی کے اندر ڈوب گئی تھی اس لئے فوری طور پر کار سے باہر نکل نہیں پانے کی وجہ سے دو افراد نے نالے کے پانی میں ہی دم توڑ دیا، جبکہ دو زخمیوں کو مقامی افراد نے باہر نکال لیا اور انہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ فوت ہونے والے افراد کی شناخت چکمگلوروکے رہنے والے کرن (28سال) اور راکیش (28سال) کے طور پر کی گئی ہے۔کاروار ٹریفک پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔